شاہ رخ خان کی ‘کنگ’ کا حصہ بننے والے نئے اداکار کون؟

بالی وڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی آنے والی ایکشن تھرلر فلم ‘کنگ’ کی ملٹی اسٹار کاسٹ میں ایک اور بڑا نام شامل ہو گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف اداکار، رقاص اور ٹی وی ہوسٹ راگھو جویل فلم میں جیکی شروف کے بیٹے کا کردار ادا کریں گے، جو کہ کہانی میں ایک منفی کردار (ولن) کے طور پر نظر آئیں گے، جبکہ مرکزی کردار شاہ رخ خان ادا کر رہے ہیں۔

باوثوق ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ راگھو جویل اب باضابطہ طور پر فلم ‘کنگ’ کی کاسٹ کا حصہ ہیں۔ فلم کا بیشتر حصہ پہلے ہی فلمایا جا چکا ہے، تاہم شاہ رخ خان کی حالیہ انجری کے باعث کچھ مناظر کی شوٹنگ میں تعطل آیا، جسے اب اکتوبر میں مکمل کیا جائے گا۔

فلم کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کر رہے ہیں، جو اس سے قبل ‘پٹھان’ اور ‘وار’ جیسی سپر ہٹ فلموں کی ہدایت دے چکے ہیں۔ ‘کنگ’ میں شاہ رخ خان اور راگھو جویل کے علاوہ دیپیکا پڈوکون، ابھیشیک بچن، جیدیپ اہلاوت، انیل کپور، ارشد وارثی اور ابھے ورما جیسے نامور اداکار بھی شامل ہیں، جو فلم کو ایک شاندار اسٹار کاسٹ فراہم کرتے ہیں۔

فلم کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اس میں پہلی بار شاہ رخ خان اور اُن کی بیٹی سہانا خان ایک ساتھ بڑے پردے پر جلوہ گر ہوں گے۔ اگرچہ دونوں اس سے قبل ایک اشتہار میں نظر آ چکے ہیں جس کی ہدایت شاہ رخ کے بیٹے آریان خان نے دی تھی، لیکن فلمی دنیا میں یہ ان کا پہلا اشتراک ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close