جمشید دستی کی نااہلی، الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کردیا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جمشید دستی کی نااہلی کے بعد قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 175 مظفرگڑھ میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق یہ ضمنی انتخاب 10 ستمبر 2025 کو منعقد ہوگا۔

شیڈول کے مطابق امیدوار 23 سے 25 جولائی تک کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا سکیں گے، جبکہ 26 جولائی کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال یکم اگست تک مکمل کی جائے گی۔

امیدواروں کو کاغذات کی منظوری یا مستردی کے خلاف 5 اگست تک اپیل دائر کرنے کا حق حاصل ہوگا، جن پر ایپلٹ ٹریبونل 12 اگست تک فیصلے سنائے گا۔ اس کے بعد 13 اگست کو نظرثانی شدہ امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی، جبکہ 15 اگست آخری تاریخ ہوگی کاغذات واپس لینے کی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 16 اگست کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔ اس ضمنی انتخاب میں محمد اویس ارشاد کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) جبکہ خضر ظہر کو ریٹرننگ آفیسر (آر او) مقرر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے جمشید دستی کو جعلی تعلیمی اسناد کی بنیاد پر نااہل قرار دیا تھا۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے موصولہ ریفرنس پر کارروائی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے رواں برس مئی میں درخواستوں کی سماعت مکمل کی تھی، جس کے بعد تین رکنی بینچ نے فیصلہ محفوظ کیا اور بعد ازاں نااہلی کا اعلان کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close