کراچی: برطانیہ کی جانب سے پابندی ہٹائے جانے کے بعد قومی ایئرلائن (پی آئی اے) ایک بار پھر برطانیہ کے لیے فضائی آپریشن شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے جشن آزادی کے موقع پر 14 اگست سے برطانیہ کے لیے پروازوں کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔ ابتدائی طور پر اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں چلائی جائیں گی۔
قومی ایئرلائن کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ برطانیہ نے باضابطہ طور پر پابندی ختم کرتے ہوئے پی آئی اے کو پروازوں کی اجازت دے دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شیڈول اور سلاٹس کی منظوری کے فوری بعد فضائی آپریشن کا آغاز کر دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم 14 اگست سے پروازوں کا آغاز کر کے قوم کو ایک خوشی دینا چاہتے ہیں، اگرچہ یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہے کہ پروازیں اسی تاریخ سے شروع ہو جائیں گی، لیکن تیاری مکمل ہے۔
ترجمان کے مطابق پروازوں کے آغاز کے لیے تمام ضروری درخواستیں جمع کروا دی گئی ہیں اور آئندہ چند روز میں حتمی شیڈول سامنے آ جائے گا۔ ان پروازوں سے پی آئی اے کو سالانہ 10 ارب روپے سے زائد آمدنی کی توقع ہے۔
عبداللہ حفیظ نے بتایا کہ برطانیہ کا سفر کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد 16 لاکھ کے لگ بھگ ہے، اور ماضی میں پی آئی اے ہر سال تقریباً 6 لاکھ مسافروں کو خدمات فراہم کرتی تھی۔ اب قومی ایئرلائن کا ارادہ ہے کہ وہ برطانیہ کے لیے ہفتہ وار پروازوں کا تسلسل برقرار رکھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں