جاپان کی دو بڑی کار ساز کمپنیوں، ہونڈا اور نسان، ایک ممکنہ مشترکہ منصوبے پر غور کر رہی ہیں، جس کے تحت ہونڈا، نسان کی تیار کردہ گاڑیاں امریکا میں فروخت کرے گی۔
جاپانی میڈیا کے مطابق دونوں کمپنیوں کے درمیان اس حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ منصوبے کے تحت نسان کے امریکا میں موجود ایسے پیداواری پلانٹس، جہاں گاڑیاں کم تعداد میں بن رہی ہیں، وہاں تیار کیے گئے پک اپ ٹرک ہونڈا کے برانڈ کے تحت امریکی مارکیٹ میں متعارف کروائے جائیں گے۔
یہ شراکت داری دونوں کمپنیوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔ نسان کو اپنے امریکی پیداواری یونٹس کو بہتر استعمال کرنے کا موقع ملے گا، جبکہ ہونڈا کو امریکا میں اپنے صارفین کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ امریکا کی سابق ٹرمپ انتظامیہ نے گاڑیوں اور ان کے پرزہ جات پر اضافی درآمدی ٹیکس عائد کیے تھے، جس سے نسان پر دباؤ بڑھا کہ وہ اپنی مقامی پیداواری صلاحیت کو زیادہ مؤثر طریقے سے استعمال کرے۔
دوسری جانب، رواں سال کے آغاز میں دونوں کمپنیوں کے درمیان انضمام کی کوشش ناکام ہو چکی ہے، تاہم ہونڈا اور نسان اب بھی بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں اور خاص طور پر الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں باہمی تعاون برقرار رکھنے پر متفق ہیں۔ اگر انضمام کامیاب ہو جاتا تو یہ اتحاد دنیا کی تیسری سب سے بڑی کار ساز کمپنی بن سکتا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں