کیا معطل ارکان واپس آ سکیں گے؟ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکراتی کمیٹیاں تشکیل

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 معطل ارکان کے خلاف ریفرنس کے معاملے پر سیاسی درجہ حرارت بڑھنے لگا—حکومت اور اپوزیشن نے مذاکرات کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔

ذرائع کے مطابق حکومتی مذاکراتی ٹیم میں مجتبیٰ شجاع، سلمان رفیق، رانا ارشد، سمیع اللّٰہ، احمد اقبال، علی حیدر گیلانی، شافع حسین اور شعیب صدیقی شامل ہیں۔اپوزیشن کی طرف سے اپوزیشن لیڈر احمد بھچر مذاکراتی ٹیم کی قیادت کریں گے، جبکہ علی امتیاز، شیخ امتیاز اور اعجاز شفیع کے نام آج اسپیکر پنجاب اسمبلی کو ارسال کیے جائیں گے۔مذاکراتی کمیٹی کا دوسرا سیشن کل (اتوار) کو ہوگا، اور اگر بات چیت کامیاب رہی تو اسپیکر معطل ارکان کے خلاف ریفرنس واپس لے سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ اپوزیشن کے ان 26 ارکان کو اسپیکر کی رولنگ کی خلاف ورزی، ایوان میں ہنگامہ آرائی، نعرے بازی، دھکم پیل اور دستاویزات پھاڑنے جیسے واقعات پر 15 اجلاسوں کے لیے معطل کیا گیا تھا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ “ایوان کی حرمت اور نظم و ضبط ہر قیمت پر قائم رکھا جائے گا، احتجاج کا حق سب کو ہے مگر اس کی حدود آئین، قانون اور قواعد کے مطابق ہونی چاہئیں”۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close