جان سینا کو 2 بار کینسر کس وجہ سے ہوا؟

جان سینا کو 2 بار کینسر کس وجہ سے ہوا؟۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جِلد کا کینسر سرطان کی عام ترین اقسام میں سے ایک ہے جس کا سامنا لگ بھگ کسی بھی فرد کو ہوسکتا ہے۔

دنیا بھر میں مقبول ڈبلیو ڈبلیو ای کے ریسلر جان سینا نے حال ہی میں انکشاف کیا کہ وہ 2 بار جِلد کے کینسر کا سامنا کرچکے ہیں۔48 سالہ ریسلر نے کچھ عرصے قبل بتایا تھا کہ وہ ماضی میں سن اسکرین کو نظر انداز کر دیتے تھے۔17 بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن بننے والے جان سینا جِلدی کینسر کی روک تھام کے لیے سن اسکرین کی اہمیت کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔جان سینا کی جِلد میں پہلی بار کینسر کا نشان ایک معمول کے طبی معائنے دوران سینے میں دریافت ہوا تھا، ایک سال بعد دوسرے کینسر زدہ نشان کو کمر میں دریافت کیا گیا۔

جان سینا نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ ‘مجھے 2 بار فون کال موصول ہوئی اور ڈاکٹروں نے مجھے طلب کیا کیونکہ ٹیسٹوں میں کینسر کی نشاندہی ہوئی’۔انہوں نے مزید بتایا کہ ‘ان واقعات نے میری زندگی کو بدل کر رکھ دیا’۔جِلد کا کینسر سرطان کی ایسی قسم ہے جس کی روک تھام آسانی سے ممکن ہے اور 2 بار اس کی تشخیص کے بعد جان سینا نے سن اسکرین کا استعمال معمول بنالیا ہے اور اب وہ چاہتے ہیں مزید افراد خاص طور پر مرد بھی ایسا کریں۔

جان سینا نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ سن اسکرین کا استعمال کریں تاکہ جِلدی کینسر کا خطرہ کم ہوسکے۔ان کا کہنا تھا کہ ‘جِلدی نگہداشت خواتین کے لیے بہت اہم ہوتی ہے مگر مردوں کی جانب سے اس پر توجہ نہیں دی جاتی، میں چاہتا ہوں کہ وہ اس حوالے سے شعور اجاگر کریں’۔طبی ماہرین کے مطابق جب جان سینا جیسے مقبول افراد جِلدی کینسر کے بارے میں بات کریں تو اس سے واقعی فرق پیدا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب جان سینا جیسے افراد کینسر کی تشخیص کی بات کرتے ہیں تو لوگوں کی جانب سے بھی مدد طلب کرنے کا رجحان بڑھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جان سینا کے کیس سے ثابت ہوتا ہے کہ کینسر کی اس قسم کا سامنا کسی بھی فرد کو ہوسکتا ہے۔سن اسکرین کا استعمال اس سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے کیونکہ سن اسکرین سورج کی نقصان دہ شعاعوں کو بلاک یا جذب کرلیتی ہے۔یہ شعاعیں جِلد کے خلیات میں ڈی این اے کو نقصان پہنچاتا ہے جس سے جِلد کے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔ماہرین کے مطابق جِلد کے کینسر کے بیشتر کیسز کی روک تھام آسانی سے ممکن ہے جیسے سن اسکرین کا استعمال کریں اور جِلد میں آنے والی تبدیلیوں پر نظررکھیں۔انہوں نے بتایا کہ جب سن اسکرین کو استعمال کریں تو جِلد کے کھلے حصوں پر اس کا استعمال کریں یہاں تک کہ کان، گردن اور ہاتھوں کو کبھی نظر انداز مت کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close