گرمی کے ستائے کراچی والوں کے لیے اچھی خبر آگئی ، شہر کے مضافاتی علاقوں میں آج تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، بارش وقفے وقفے سے دو روز تک جاری رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کردی ، ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم نے کہا کہ مغربی ہواؤں کا سسٹم 10 مئی تک شہر پر اثر انداز ہوگا.انجم نذیر ضیغم کا کہنا تھا کہ شہر پر مغربی ہواؤں کے تین اسپیل اثر انداز ہوسکتے ہیں،10مئی تک شہر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
رات گئے کراچی کےمختلف علاقوں میں گردآلود ہوائیں چلیں اور کچھ علاقوں میں بوندا باندی بھی ہوئی۔خیرپور اور شکار پور سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں موسلادھاربارش اورژالہ باری ہوئی، جس کے باعث کئی علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی۔میرپورخاص ڈویژن میں تیزہواوں سے آم کے باغات کو نقصان پہنچا جبکہ دادو میں گردوغبار کے طوفان سے متعدد درخت اوربجلی کے پول گرگئے۔
نوابشاہ اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور آندھی نے تباہی مچا دی، باندی رحمان آباد میں آندھی کے باعث گھر کی دیوار گرگئی، پولیس حکام کے مطابق دیوار گرنے سے ملبے کی زد میں آکر دو بچے جاں بحق اور خاتون زخمی ہوگئی جبکہ آندھی سے کئی درخت جڑ سے اکھڑ گئے اورمختلف علاقوں میں چھتوں پر رکھیں سولر پلیٹیں بھی اڑ گئیں۔
محکمہ موسمیات نے آج سانگھڑ، سکھر، گھوٹگی، دادو، لاڑکانہ اور گردو نواح میں تیزہواؤں کیساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔لاہور،راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور،ژوب،موسیٰ خیل، بارکھان،کوہلو،خضدار،کشمیر اورگلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کیساتھ بارش اورژالہ باری متوقع ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں