اسلام آباد(پی این آئی)عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اچانک بڑی کمی ہوئی ہے۔
خام تیل کی قیمت رواں سال 20 جنوری کو 82 ڈالر تھی اور 50 دنوں سے کم وقت میں 12 ڈالر سے زائد کمی کے بعد اب قیمت 69.3 ڈالر ہو گئی ہے۔ اس وقت خام تیل کی قیمت اگست 2021 کی سطح پر آ چکی ہے۔نجی سوشل میڈیا ویب سائٹ وی نیوز کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں 12.7 ڈالر کی کمی کے بعد پاکستانی عوام امید کررہے ہیں کہ یہاں بھی پیٹرول کی قیمت میں بڑی کمی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ اگست 2021 میں پاکستان میں پیٹرول کی قیمت فی لٹر 119 روپے تھی۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان میں بھی پیٹرول کی قیمت اگست 2021 کی سطح تک گرسکتی ہے؟ اگر ایسا ہوا تو پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 150 روپے فی لیٹر کم ہوگی۔
حکومت کی جانب سے ہر 15 روز بعدپیٹرول کی قیمت میں ردوبدل کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔ گزشتہ 50 دنوں کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 12.7 ڈالر کی کمی کے باعث توقع کی جا رہی ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 20 سے 30 روپے کی کمی ہو گی تاہم ایسا اس لیے ممکن نہیں ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی کمی کے اثرات پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں پر 2 ماہ بعد اثرانداز ہوتے ہیں۔معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق اس وقت پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے تک کی کمی ممکن ہے، زیادہ کمی آئندہ ماہ سے ہو سکے گی۔ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ اوگرا کی سمری کی روشنی میں 15 مارچ کی شب کرے گی۔
سال 2024 میں عالمی منڈی میں بھی خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔ خام تیل کی قیمت سب سے زیادہ 10 اپریل کو 91. 17 ڈالر فی بیرل اور کم سے کم 10 ستمبر کو 70.17 ڈالر فی بیرل رہی۔ سال کے آغاز میں 73.58 ڈالر فی بیرل جبکہ آج بھی قیمت 73.58 ڈالر فی بیرل ہے۔سال 2021 کے ماہ اگست میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 69.75 ڈالر فی بیرل تک گر گئی تھی، اس وقت پاکستان میں ڈالر کا ریٹ 163 روپے تھا اورپیٹرول کی قیمت 119 روپے فی لٹر تھی، اس وقت ایک مرتبہ پھر سے خام تیل کی قیمت 69.50 ہوگئی ہے تاہم ڈالر کی قیمت 280 روپے اور پیٹرول کی قیمت 255.63 روپے فی لیٹر ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں