گنڈاپور نے عمران خان کو راضی کر لیا

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے سابق صوبائی وزراء کامران بنگش اور تیمور جھگڑا کو صوبائی کابینہ میں شامل نہ کرنے کا اپنا فیصلہ منوا لیا۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا فیصلے پر بانئ پی ٹی آئی کو راضی کرنے میں کامیاب ہو گئے۔بانئ پی ٹی آئی وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی جانب سے آمادہ کرنے پر اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹ گئے۔بانئ پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور کو کامران بنگش اور تیمور جھگڑا کو کابینہ میں شامل کرانے کے احکامات دیے تھے۔ذرائع کے مطابق پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے وزیرِ اعلیٰ کے پی کو بانئ پی ٹی آئی کا پیغام پہنچایا تھا، تاہم علی امین گنڈاپور نے ملاقات کر کے بانئ پی ٹی آئی کو فیصلے پر آمادہ کر دیا۔

سابق وزیرِ خزانہ خیبر پختون خوا تیمور سلیم جھگڑا نے اس حوالے سے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں کہا ہے کہ یہ اندرونی معاملہ ہے، اس پرکوئی تبصرہ نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ میں کچھ کہوں گا تو بانئ پی ٹی آئی کے مقصد کو نقصان پہنچے گا، میں ساتھیوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے پر یقین نہیں رکھتا۔تیمور جھگڑا نے کہا کہ بانئ پی ٹی آئی نے مجھے بلایا تھا لیکن ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، بانئ پی ٹی آئی نے مجھے پہلی پی ٹی آئی حکومت میں 2 بڑی وزارتیں دی تھیں۔مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف کا اس حوالے سے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں کہنا ہے کہ یہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے، اندرونی معاملے پر میڈیا پر کوئی بات کہنا ضروری نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close