ویب ڈیسک (پی این آئی) بالی وڈ اداکار اور اپنے فلاحی کاموں کی بدولت مشہور سونو سود ایک مقدمے کے سلسلے میں بڑی مشکل میں پھنس گئے۔
جمعرات کو لدھیانہ کی ایک عدالت نے دھوکا دہی کے مقدمے میں گواہی نہ دینے کے بعد سونو سود کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔اداکار کو یہ سمن لدھیانہ کے وکیل راجیش کھنہ کی طرف سے دائر کردہ ایک کیس کے سلسلے میں جاری کیا گیا تھا، جس نے ایک شخص موہت شکلا پر 10 لاکھ روپے کی دھوکا دہی کا الزام لگایا تھا۔ایڈوکیٹ راجیش کھنہ نے الزام لگایا تھا کہ موہت شکلا کے ذریعہ انہیں جعلی ریجیکا کوائن میں سرمایہ کاری کرنے کا لالچ دیا گیا تھا، اور اداکار کو اس معاملے میں گواہی دینا تھی۔
گواہی کے لیے طلب کرنے کے لیے عدالت نے اداکار کو بار بار سمن (طلبی کے نوٹس) جاری کیے لیکن انہوں نے ان پر کوئی توجہ نہیں دی، جس کے بعد عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔سونو سود کو گرفتار کرنے کے لیے یہ وارنٹ لدھیانہ کی جوڈیشل مجسٹریٹ رمن پریت کور نے جاری کیا ہے۔وارنٹ ممبئی کے اندھیری ویسٹ کے اوشیوارا پولیس اسٹیشن کو بھیجے گئے ہیں اور ساتھ ہی انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اداکار کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کریں۔
عدالتی حکم میں کہا گیا کہ ‘سونو سود کو مناسب طور پر سمن یا وارنٹ بھیجے گئے ہیں لیکن وہ حاضر ہونے میں ناکام رہے ہیں (مفرور ہے اور سمن یا وارنٹ سے بچنے کے مقصد سے غائب رہتا ہے) آپ کو حکم دیا جاتا ہے کہ سونو سود کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔’حکم نامے میں مزید لکھا گیا کہ ‘آپ کو اس وارنٹ کو 10 فروری 2025 کو یا اس سے پہلے واپس کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے جس میں اس دن اور جس طریقے سے اس پر عمل کیا گیا ہے، یا اس پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ کی تصدیق ہوتی ہو’۔کیس کی اگلی سماعت 10 فروری کو ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں