سرکاری حج پیکیج کے حوالے سے رواں سال جانے والے عازمین کے لیے بڑی خوشخبری آگئی، اب 40 روز کے سرکاری حج پیکیج کی قیمت کیا ہوگی؟۔تفصیلات کے مطابق عازمین کو گزشتہ سال کی نسبت کم خرچ پر زیادہ سہولیات ملیں گی، ذرائع نے بتایا کہ سرکاری اسکیم کے تحت حج اخراجات کا حتمی تخمینہ تیار کرلیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ 40 روز کے سرکاری حج پیکیج کی قیمت ساڑھے 10 لاکھ روپے مقرر کردی گئی ہے، ابتدائی طور پر 10لاکھ 75 ہزار سے 11 لاکھ 75 ہزار کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ وزارت مذہبی امور نے ابتدائی تخمینے کی بنیاد پر ہی حج درخواستیں وصول کیں، ذرائع نے کہا کہ سعودی عرب میں معاہدوں کے بعد حج اسکیم کا حتمی تخمینہ تیار کیا گیا۔
ذرائع نے کہا کم دورانیے کے شارٹ حج پیکج کی قیمت 11 لاکھ روپے فی کس ہوگی، تمام عازمین حج کو منیٰ میں روم کولر کی جگہ اب ایئرکنڈیشن کی سہولت ملے گی، جبکہ کپڑے کے خیمے کی جگہ جیسم بورڈ،میٹرس کی جگہ صوفہ کم بیڈ کی سہولت شامل ہیں۔وزارت مذہبی امور کے مطابق اس سال منیٰ میں عازمین حج کے لیے شیلف کی سہولت بھی حج پیکیج میں شامل ہیں۔
اس کے ساتھ سعودی عرب میں معاہدوں کے بعد ہوٹل کے اخراجات میں نمایاں کمی ہوئی ہے ، ہوٹل کے ڈبل بیڈ کے اضافی چارجز میں 74 ہزار روپے کم کردیے گئے ہیں۔ڈبل بیڈ کے 2 لاکھ 59 ہزار کی بجائے اب ایک لاکھ 85 ہزار روپے لیے جائیں گے جبکہ ٹرپل بیڈ کے اضافی چارجز بھی ساڑھے 86 ہزار سے کم ہوکر 63 ہزار مقرر کئے گئے ہیں۔اس حوالے سے وزارت مذہبی امور حتمی حج اخراجات کا اعلان چند روز میں کرے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں