مقبول موسیقار اور نغمہ نگاردل کے دورے سے چل بسے

ماضی کے مقبول موسیقار اور نغمہ نگار ذوالفقار علی عطرے 61 برس کی عمر میں ہارٹ اٹیک کے باعث خالق حقیقی سے جا ملے۔

سرکاری خبر رساں کے مطابق ذوالفقار علی عطرے کی نماز جنازہ دوپہر کو پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ادا کی گئی۔

ذوالفقار علی عطرے کی نماز جنازہ ان کی رہائش گاہ کے قریب خیبر بلاک، اقبال ٹاؤن میں ادا کی گئی، جس میں متعدد فنکاروں سمیت عام شہریوں نے شرکت کی۔ذوالفقار علی عطرے نے کم عمری میں بطور موسیقار کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے پہلا گانا محض 17 برس کی عمر میں ترتیب دیا۔

معروف موسیقار نے اپنے نصف صدی پر محیط کیریئر میں 50 سے زائد فلموں کے گانوں کی موسیقی ترتیب دی، جس میں سے زیادہ تر فلمیں اور گانے پنجابی زبان کے تھے۔ذوالفقار علی عطرے کو ان کی خدمات کے عوض حکومت پاکستان نے 2024 میں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا تھا۔اپنے کیریئر میں ذوالفقار علی عطرے نے شاندار موسیقی ترتیب دینے پر دوسرے بھی متعدد فلمی ایوارڈز اپنے نام کیے۔

ذوالفقار علی عطرے ان دنوں آنے والی ایک پنجابی فلم کی موسیقی ترتیب دینے میں مصروف تھے، تاہم 17 جنوری کی صبح ہارٹ اٹیک کے باعث وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔نامور موسیقار کے انتقال پر موسیقاروں، گلوکاروں، فنکاروں، سیاست دانوں اور سماجی شخصیات نے اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعائیں بھی کیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close