اسلام آباد (پی این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے قومی ائیرلائن پی آئی اےکی پیرس کی پروازوں کے آغاز کے اشتہار کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
یہ بات نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے سینیٹ اجلاس میں بتائی۔سینیٹ کے اجلاس میں قومی ائیرلائن کی نجکاری کے تناظر میں توجہ دلاؤ نوٹس پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ بتایا جائے، قومی ائیر لائن کی نجکاری کا منصوبہ کیا ختم کردیا گیا یا آگے جارہا ہے؟ قومی ائیر لائن کے اس وقت34 میں سے19 جہاز ہوا میں ہیں، باقی سب گراؤنڈ ہیں۔شیری رحمان کا کہنا تھا کہ قومی ائیرلائن کی پیرس واپسی کے اشتہار سے جگ ہنسائی ہوئی،کون سی اشتہاری ایجنسی ہے؟ کس اہلکار نے یہ اشتہار ڈالا ہے؟
سینیٹر اسحاق ڈار نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پی آئی اےکی پیرس کی پروازوں کے آغاز کے اشتہار کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ ایفل ٹاور کے قریب قومی ائیرلائن کے جہاز کے ساتھ “وی آر کمنگ” کا غلط تاثرگیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ سابق وزیر سرورخان کے ایک بیان سے یورپ، یوکے اور امریکا نے ہمارے جہازوں پر پابندی لگائی، خود کہا گیا ہمارے پائلٹ جعلی ہیں، اس معاملے پر پی ڈی ایم حکومت نے ایک کمیٹی بنائی، ن لیگ کی دوبارہ حکومت میں اس کمیٹی پر دوبارہ کام ہوا، میں نے یوکے میں ان کے فارن سیکرٹری سے اس پر بات کی، اب یورپی یونین نے قومی ائیرلائن پر پابندی ختم کردی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں