راولپنڈی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی کرسمس تقریبات میں شرکت

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ مسیحی برادری قوم کے لیے فخر اور طاقت کا باعث ہیں، کرسمس ہمدردی، سخاوت اور خیرسگالی کا اظہار ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سینٹ جوزف کیتھولک کیتھیڈرل چرچ میں کرسمس تقریب میں شرکت کی اور مسیحی برادری سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھرمیں مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد دی جبکہ مسیحی برادری نے چرچ آمد پر آرمی چیف کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ملکی ثقافتی، سماجی، اقتصادی اور قومی ترقی میں اقلیتوں بالخصوص مسیحی برادری کی شراکت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری قوم کے لیے فخر اور طاقت کا باعث ہیں، کرسمس ہمدردی، سخاوت اور خیرسگالی کا اظہار ہے۔شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف نے قائداعظم محمد علی جناح کو بھی زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ قائداعظم کے آزادی، مساوات، مذہبی رواداری کے نظریات چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قوم کی رہنمائی کرتے ہیں، قائداعظم کےنظریات علاقائی سالمیت کے تحفظ سے لے کر اندرونی استحکام کوفروغ دینے کے لیے حوصلہ افزائی کرتےہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ قائد کی دور اندیش قیادت، غیرمتزلزل عزم نے پاکستان کی تعمیرکی راہ ہموارکی، ایمان، اتحاد اور نظم وضبط کے اصولوں پر ثابت قدمی نے قوم کی تعمیر کا خاکہ بھی فراہم کیا، پاکستان کو قائدکے تصورکردہ پرامن، خوشحال ملک میں تبدیل کرنےکے اپنے اجتماعی عزم کا اعادہ کریں اور تمام شہری اس کے لیے انتھک محنت کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close