حکومت نے عوام کو انٹرنیٹ کے کم استعمال کا مشورہ دیدیا

اسلام آباد ( پی این آئی) حکومت نے عوام کو انٹرنیٹ کم استعمال کرنے کا مشورہ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے عوام کو انٹرنیٹ کے کم استعمال کا مشورہ دیا گیا ہے اس حوالے سے پارلیمانی سیکرٹری ساجد مہدی نے انوکھی منطق کی پیش کی ہے، ڈان نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان میں انٹرنیٹ کو سڑک سے تشبیہ دے ڈالی اور دلیل دی کہ ’جتنا زیادہ لوگ اسے استعمال کریں گے، اتنا ہی زیادہ بھیڑ بھاڑ ہوگی اور لوگ اتنی ہی سست روی سے آگے بڑھیں گے‘۔

پارلیمانی سیکرٹری نے مزید کہا کہ ’بالکل ایک مصروف سڑک کی طرح ہمارے انٹرنیٹ پر بھی بہت زیادہ دباؤ ہے، اگر رکاوٹیں زیادہ ہوں تو گاڑی آہستہ چلتی ہے اور اگر 5 لوگوں کے لیے بنائی گئی سڑک کو 10 لوگ استعمال کرتے ہیں تو ایسے میں سب کچھ سست ہوجاتا ہے، اس لیے لوگ فضول میں بلاوجہ انٹرنیٹ استعمال نہ کریں تو کافی لوڈ کم ہوجائے گا، لوگ صرف کام کیلئے انٹرنیٹ کا استعمال کریں، اگر لوگ بہت زیادہ یا منفی پیغامات کیلئے نیٹ کا استعمال نہ کریں تو فائدہ ہوگا‘۔

علاوہ ازیں پارلیمانی سیکرٹری آئی ٹی ساجد مہدی یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ ’پاکستان میں سکیورٹی مسائل چل رہے ہیں، وزارتِ داخلہ کی ایڈوائس پر انٹرنیٹ بند کرتے ہیں، ٹائم پیریڈ بھی وزارتِ داخلہ بتا سکتی ہے ہم کچھ نہیں بتا سکتے، وہ بہتر جانتے ہیں کہ حالات کب ٹھیک ہوں گے‘۔ اسی معاملے پر وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شزہ فاطمہ خواجہ کہتی ہیں کہ ’ٹویٹر کی بندش کا آزادی اظہار رائے سے کوئی تعلق نہیں، اگر آزادی اظہار بند کرنا ہوتی تو ٹک ٹاک اور فیس بک بند کرتے کیوں کہ ٹویٹر کا استعمال دو فیصد سے بھی کم پاکستانی کرتے ہیں‘۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں