لاہور (پی این آئی)لاہور میں سبزی اور پھل فروش سرکاری نرخ نامے آویزاں کرنے کے باوجود من مانی قیمتیں وصول کرنے لگے، خریدار سرکاری نرخ ناموں کے باوجود عملدرآمد نہ ہونے کے باعث پیدا ہونے والی مہنگائی سے سخت پریشان ہوگئے۔
لاہور میں آلو کی سرکاری قیمت 80 روپے فی کلومقرر ہے مگر مارکیٹ میں 100 روپے وصول کی جا رہی ہے، پیاز 120 کی بجائے 135 روپے، لہسن 560 کی بجائے 580 روپے اور ٹماٹر 170 کی بجائے 200 روپے کلو فروخت ہونے لگا ہے۔پھلوں کی قیمتوں کی بھی یہی صورتحال ہے، سیب 210 کی بجائے 250 روپے، امرود 115 کی بجائے 150 روپے اور انگور 310 کی بجائے 350 روپے کلو میں بیچا جا رہا ہے۔دوسری جانب مرغی کا گوشت بھی 5 دن کے دوران 403 روپے کلو سے بڑھ کر 468 روپے فی کلو ہوگیا۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ منڈی سے ہی سرکاری نرخوں سے زیادہ پر سبزیاں ملتی ہیں، ٹرانسپورٹیشن کے علاوہ دکانوں اور بجلی کے بلوں کے اخراجات بھی ہیں کم قیمت پر کیسے بیچیں۔مہنگائی سے پریشان شہری کہتے ہیں کہ بڑھتی مہنگائی نے زندگی مشکل بنا دی ہے، حکومت خانہ پُری کی بجائے مؤثر اقدامات کرے تا کہ انہیں کچھ ریلیف مل سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں