اسلام آباد (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے 57 کارکنوں کو ڈی چوک احتجاج کے مقدمے سے ڈسچارج کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 26 نومبر کے پی ٹی آئی کے اسلام آباد احتجاج کے تناظر میں گرفتار ملزمان کو انسداد دہشت گردی عدالت پیش کیا گیا جہاں جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی، انہوں نے پی ٹی آئی کے 57 گرفتار کارکنوں کو عدالت نے مقدمے سے ڈسچارج کر دیا، عدالت نے ملزمان کو دوبارہ گرفتار نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہتھکڑی کھول کر احاطہ عدالت سے رہا کرنے کا حکم دیا۔اس موقع پر جج اے ٹی سی نے پولیس کو حکم دیا کہ پرسوں کی طرح ملزمان کو دوبارہ گرفتار نہیں کرنا، اگر ملزمان دوبارہ گرفتار ہوئے تو تب تک نہیں جاؤں گا جب تک ان کو یہاں دوبارہ پیش نہیں کیا جائے گا۔
دوسری طرف لاہور کی انسداد دہشتگری عدالت نے گزشتہ سال نو مئی کے واقعات میں کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے کے الزام میں درج مقدمے میں حماد اظہر، میاں اسلم اقبال سمیت آٹھ پی ٹی آئی رہنمائوں کو اشتہاری قرار دیدیا، انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کیسز پر سماعت کی تھی، عدالت نے تھانہ نصیر آباد کے مقدمے میں پولیس کی درخواست پر سماعت کی۔
پولیس کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ’ملزمان گرفتاری کے ڈر سے روپوش ہو چکے ہیں، وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوئے مگر گرفتار نہ ہو سکے‘، جس پر عدالت نے پی ٹی آئی رہنما میاں اسلم اقبال حماد اظہر، مراد سعید کے اشتہاری جب کہ زبیر خان نیازی حامد رضا گیلانی، محمد جاوید عبد الصمد اور واثق قیوم کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے، عدالت نے پی ٹی آئی رہنمائوں کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں