اسلام آباد(پی این آئی)امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی اور نیشنل انٹیلی جنس کے سابق قائم مقام ڈائریکٹر رچرڈ گرینل کو’’ایلچی برائے خصوصی مشنز‘‘مقرر کردیا گیا۔
رچرڈ گرینل نے چند دن قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ یاد رہے کہ 26نومبر کوسماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے بلوم برگ کی ایک خبر کو ری پوسٹ کرتے ہوئے رچرڈ گرینل نے لکھا کہ عمران خان کو رہا کیا جائے۔ ان کے اس مطالبے پر پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری نے ایکس پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔رچرڈ گرینل ماضی میں کئی تنازعات کا شکار رہے جن میں خواتین کے حوالے بے ہودہ ٹوئٹس اور ہم جنس پرستی شامل ہے۔ رچرڈ گرینل ڈونلڈ ٹرمپ کے گزشتہ دور صدارت میں جرمنی میں امریکا کے سفیر تھے۔
امریکی اخبار کے مطابق وہ وزیر خارجہ بننے کی امید لگائے بیٹھے تھے، وہ ٹرمپ سے پہلے متعدد صدور کے تحت اقوام متحدہ میں امریکی مشن کے ترجمان رہے۔ ان کے آن لائن زہریلے پن، غیر ملکی کاروباری رابطوں اور سیاسی مخالفین اور میڈیا پر ذاتی حملوں کے رجحان سے بہت سے قدامت پسند ان سے دور ہوگئے، جس سے انہیں ٹرمپ کی طرف بڑھنے میں مدد ملی۔ برطانوی اخبار کے مطابق نومنتخب صدر نے گرینل کی صحیح ذمہ داریوں کا خاکہ نہیں دیا لیکن انہوں نے اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر لکھا کہ وہ وینزویلا اور شمالی کوریا سمیت دنیا کے چند اہم ترین مقامات پر کام کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں