کراچی(پی این آئی) سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والوں کو بتا دوں کہ فیض حمید کے خلاف کارروائی 14 دسمبر سے پہلے شروع ہو جائے گی، پی ٹی آئی اگر حرکتیں صحیح کرلے تو اچھی بات ہے۔
انہوں نے کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد آکر چیئرمین ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول سے ملاقات کی ہے۔ملاقات میں ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال، انیس قائمخانی، امین الحق اور دیگر رہنما شریک تھے۔ملاقات کے بعد فیصل واؤڈا، خالد مقبول اور مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو بھی کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واؤڈا نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں کے پاس جانے کا مقصد نیشنل کاز ہے، میں یہاں کسی مطلب سے نہیں آیا ہوں، میں دوستی اور دشمنی کھل کر نبھاتا ہوں۔فیصل واؤڈا نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں سب کا کردار اہم ہے، میں اور مصطفیٰ کمال پیار سے بھی بات کرتے ہیں اور ہاتھ مروڑ کر بھی کام کروا سکتے ہیں، میں نے بلاول صاحب کو بتایا تمام سیاسی جماعتوں کا مینڈیٹ تسلیم کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ روز دھرنا اور احتجاج پاکستان برداشت نہیں کرسکتا، بانی پی ٹی آئی کی زندگی کو خطرات ہیں، ان کی جان پر سیاست کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بیوی اور قیادت اس پر کام کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ کے پی مولا جٹ کی سیاست کر رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں