سیکڑوں پاکستانی زائرین پھنس گئے

باغی ملیشیا حیات التحریر الشام کے شام پر قبضے کے باعث سیکڑوں پاکستانی زائرین شام میں پھنس گئے۔

شام میں تقریباً 250 پاکستانی زائرین پھنس گئے ہیں۔کنٹری ہیڈ شام ونگز طارق سمیع اللّٰہ کا کہنا ہے کہ باغیوں نے ایئر پورٹ بند کر دیا ہے، ہماری آج لاہور کے لیے فلائٹ منسوخ ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ11 دسمبر کی کراچی کے لیے فلائٹ بھی کینسل کر دی گئی ہے۔زائرین کا کہنا ہے کہ شام ونگز کے تحت ایئر لائنز کا آج کا شیڈول واضح نہیں ہے، دمشق کے سیدہ زینب علاقے میں ہوائی فائرنگ سے زائرین میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

واضح رہے کہ شام کے باغیوں نے دمشق پر قبضہ اور صدر بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔

شامی باغیوں نے دمشق پر قبضے اور صدر بشار الاسد کا تختہ الٹنے کے بعد سرکاری ٹی وی پر پہلا خطاب کیا جس میں آزاد شام کی خود مختاری اور سالمیت کی یقین دہانی کرائی۔

شامی باغیوں نے کہا کہ شام میں سیاہ دور کا خاتمہ کرنے کے بعد نیا عہد شروع ہونے جارہا ہے، شام کی تمام سرکاری، غیر سرکاری املاک اور تنصیبات کا تحفظ کیا جائے گا اور جیلوں سے تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کردیا جائیگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close