کراچی: تیل چوروں نے ریلوے لائن کے قریب لمبی سرنگ کھود دی، تاہم کسی بڑے حادثے سے قبل کوشش پکڑی گئی۔
تفصیلات کے مطابق تیل چوروں کی بنائی سرنگ بڑے ٹرین حادثے کی وجہ بنتے بنتے رہ گئی، کراچی میں سرکاری لائنوں سے تیل چوری کرنے والے منظم گروہ کی کوئلہ لوڈنگ اسٹیشن کے قریب تیل چوری کی کوشش پکڑی گئی۔
تیل چوروں نے ریلوے لائن کے قریب ایک لمبی سرنگ کھود دی تھی، ریلوے ملازم نعیم نے اطلاع ملتے ہی پولیس اسٹیشن لانڈھی میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروا لیا۔
بروقت اطلاع ملنے پر کوئلہ لوڈنگ اسٹیشن بن قاسم پورٹ قاسم اسٹیشن کے قریب بڑا ٹرین حادثہ ہونے سے بچا لیا گیا، ایف آئی آر کے مطابق نامعلوم افراد نے ریلوے اسٹیشن بن قاسم پورٹ قاسم اسٹیشن درمیان کوئلہ لوڈنگ اسٹیشن پر ٹریک کے قریب کھدائی کی۔
تیل چوروں نے ریلوے ٹریک کے قریب گودام کی دیوار کے 20 فٹ اندر سے ریلوے زمین کے نیچے 10 فٹ گہری، ڈھائی فٙٹ چوڑی اور 61 فٹ لمبی سرنگ کھودی تھی جو ریلوے ٹریک کے سلیپروں کے شولڈر تک گئی ہوئی تھی۔
ریلوے انتظامیہ کے مطابق اگر سرنگ مکمل ہو جاتی تو ریلوے ٹریک بیٹھنے کا خدشہ تھا، جس سے ریلوے کی مال ٹرینوں اور اسٹاف کو بھاری جانی و مالی نقصان کا اندیشہ تھا، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں