نیا ورلڈ ریکارڈ بن گیا

بھارت میں جاری ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹی 20 فارمیٹ میں نیا ورلڈ ریکارڈ بن گیا۔

بھارت میں کھیلی جارہی سید مشتاق علی ٹرافی کے دوران بروڈا کی ٹیم نے سیکیم کی ٹیم کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کا سب سے بڑا اسکور بنا دیا۔

بروڈا نے 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 349 رنز بنا کر ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑ دیا۔

اس سے قبل اکتوبر میں نیروبی میں گیمبیا کے خلاف زمبابوے نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے تھے، اس میچ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ زمبابوے کا تھا جس نے 27 چھکے لگائے تھے جبکہ بروڈا نے مجموعی طور پر 37 چھکے لگا کر ٹی ٹوئنٹی کا ایک اور ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔

بروڈا کو ششوت راوت اور ابھیمنیو سنگھ راجپوت نے 92 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ دی، بھانو پانیا نے صرف 42 گیندوں پر سنچری بنا ڈالی، ان کی 134 رنز کی اننگز میں 15 چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔

انہوں نے اپنی پہلی نصف سنچری 20 گیندوں پر مکمل کی اور اگلی نصف سنچری انہوں 22 گیندوں پر بنائی۔

پانیا کی ٹی ٹوئنٹی ڈومیسٹک کی 39 اننگز میں یہ پہلی سنچری تھی، انہوں نے 51 گیندوں پر 134 رنز بنائے، ان کا اسٹرائیک ریٹ 262.75 تھا۔ بروڈا کی جانب سے نہ صرف سب سے بڑا اسکور تھا بلکہ سب سے زیادہ 37 چھکے مارنے کا بھی ریکارڈ بن گیا۔

بروڈا کے شیوالک نے 17 گیندوں پر 55 رنز بنائے اور سولنکی نے 16 گیندوں پر 50 رنز جوڑے۔350 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سیکیم کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 86 رنز ہی بنا سکی۔

اسپنرز کرونال پانڈیا، نیناد راٹھوا اور مہیش پاٹھیا نے پانچ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔بروڈا نے سیکیم کے خلاف یہ میچ 263 رنز سے جیت لیا، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں یہ رنز کے لحاظ سے چوتھی بڑی جیت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close