مراد سعید اس وقت کہاں؟ عطا تارڑ نے پتہ بتا دیا

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مفرور رہنما مراد سعید کی موجودگی سے متعلق اہم بیان دے دیا۔

عطا اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پچھلے کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کیا گیا، اپنی ناکامی اور فرار کو چھپانے کیلیے جھوٹی کہانی گڑھی گئی، پچھلے احتجاج میں بھی اسلحے سے لیس لوگ موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ جب کوئی غیر ملکی وفد آتا ہے احتجاج کی کال دی جاتی ہے، ریاست گھٹنے نہیں ٹیکتی ریاست کی رٹ قائم کرتی ہے، ریاست کا کام شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کرنا ہے۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ اداروں کی رپورٹس تھیں کہ فائنل کال میں لاشوں کی سیاست ہوگی، یہ چاہتے تھے لاشیں ملے کیوں کہ اچھی نیت سے نہیں آئے تھے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے احتجاج کی اجازت نہیں دی تھی، بانی پی ٹی آئی سے ان کی 2 بار غیر معمولی ملاقات کروائی۔

’سنگجانی کی اجازت دی لیکن بشریٰ بی بی ریڈ زون لے کر آئیں۔ عدالت کی اجازت کے بغیر ہونے والا احتجاج غیر قانونی تھا۔ جتھوں کو آگے بھیج کر خود پیچھے رہ کر حملوں کی ترغیب کی۔ پوری دنیا میں احتجاج ہوتے ہیں کہیں اے کے 47 دیکھی ہے۔ کسی مہذب معاشرے میں ڈنڈوں اور غلیلوں سے لیس نہیں آتے۔‘

انہوں نے کہا کہ احتجاج سے 45 بندوقیں برآمد کی ہیں، پولیس اہلکار آپ کی حفاظت کیلیے ہے اسی کو پتھر مار رہے، رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھائی کیا وہ پاکستانی نہیں تھے۔مراد سعید کے بارے میں عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ مراد سعید وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ہاؤس میں روپوش ہے، مراد سعید نا صرف احتجاج میں شریک تھا بلکہ جتھے ساتھ لایا تھا۔

’آپ کیا چاہتے وفاق کے پی وزیر اعلیٰ ہاؤس میں کارروائی کرے؟ مراد سعید تربیت یافتہ دہشتگردوں کے ساتھ موجود تھا۔ مراد سعید کی گرفتاری کیلیے وزیر اعلیٰ ہاؤس پر چھاپہ مارنا اچھا نہیں لگتا۔‘

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close