اسلام آباد(پی این آئی)ملک کے مختلف حصوں میں بادلوں نے انٹری دے دی،مختلف شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔
تفصیلا ت کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ کوئٹہ، چمن، زیارت، جھل مگسی، کوہلو اور جیکب آباد میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش سے خشک سالی کا خاتمہ ہو گیا، ساہیوال، حافظ آباد، جہانیاں، سرگودھا، جہلم اور شجاع آباد سمیت متعدد شہروں میں ہلکی بارش ہوئی۔گلیات میں برفباری نے رنگ جما دیا، پہاڑوں کا حسن نکھرنے لگا،پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا، زیارت، پشین، ژوب، شیرانی اورموسیٰ خیل میں با رش اوربرفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ بارکھان اورخضدار میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ،گجرات، لاہور، قصور، اوکاڑہ، حافظ آباد، جھنگ، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان، ساہیوال، خانیوال، رحیم یار خان اور گرد و نواح میں اسموگ اور دھند رہنے کا امکان ہے۔چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد،کوہستان، پشاور، مردان، نوشہرہ، کرم، مہمند، خیبر، اورکزئی اور ہنگو میں بار ش کا امکان ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں