سکولوں میں مزید چھٹیاں ہو گئیں ، نوٹیفکیشن جاری

لاہور – پنجاب حکومت نے صوبے میں سموگ کی صورتحال کے پیش نظر اضافی پابندیاں عائد کرتے ہوئے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل ماحولیات عمران حامد شیخ کے نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور اور ملتان میں یونیورسٹیاں اور کالجز بند رہیں گے۔ان اداروں کی کلاسز آن لائن شفٹ ہوں گی اور مری کے علاوہ تمام اضلاع میں سکول 24 نومبر تک بند رہیں گے۔

ڈی جی نے بتایا کہ لاہور اور ملتان میں قومی سطح کے منصوبوں کے علاوہ تمام تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی ہے۔ ان شہروں میں بھاری ٹریفک کا داخلہ بھی مکمل طور پر ممنوع ہے۔ مزید برآں، لاہور اور ملتان میں اینٹوں کے بھٹوں اور بھٹی کی صنعتیں کام بند کر دیں گی۔

لاہور اور ملتان میں ریستوراں صرف شام 4 بجے تک چلیں گے، شام 4 بجے سے رات 8 بجے تک ٹیک وے خدمات کی اجازت ہوگی۔لاہور اور ملتان میں ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور ہسپتالوں میں آؤٹ پیشنٹ کے شعبے رات 8 بجے تک کام کریں گے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ریسکیو 1122 سموگ سے متاثرہ مریضوں کی مدد کرے گا اور رات 8 بجے کے بعد ریستوران مکمل طور پر بند رہیں گے۔ یہ فیصلے 16 نومبر سے نافذ العمل ہوں گے۔اس میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام پابندیاں 24 نومبر تک برقرار رہیں گی، جس میں فارمیسیوں، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز، ڈیری شاپس، فلور ملز اور بیکریوں کو استثنیٰ دیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں