پستے صرف دیکھنے میں خوبصورت نہیں ہوتے بلکہ ان کا ذائقہ بھی بہترین ہوتا ہے۔
اگر آپ ان کو روز کھانا عادت بنالیں تو عمر میں اضافے کے ساتھ بینائی کو پہنچنے والے نقصان سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
Tufts یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ پستے کھانے سے آنکھوں کی صحت کو بہت زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اس گری میں موجود لیوٹین نامی جز ڈیوائسز سے خارج ہونے والی نیلی روشنی اور عمر میں اضافے سے پہنچنے والے نقصان سے تحفظ ملتا ہے۔
تحقیق کے مطابق 6 ہفتوں تک روزانہ 57 گرام پستے کھانے سے بینائی کو نمایاں فائدہ ہوتا ہے کیونکہ یہ آنکھوں کی پتلی کو تحفظ فراہم کرتا ہے اور بینائی کمزور ہونے کا امکان گھٹ جاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ پستوں سے نہ صرف منہ کا ذائقہ بہتر ہوتا ہے بلکہ یہ گری بینائی کو بھی نمایاں فوائد پہنچاتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تحقیق کے نتائج بہت اہم ہیں کیونکہ عمر بڑھنے کے ساتھ بینائی میں کمزوری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ضروری نہیں کہ آپ روزانہ 57 گرام پستے کھائیں بلکہ کچھ مقدار میں اسے کھانے سے بھی جسم میں لیوٹین کی سطح بہتر ہوتی ہے اور یہ غذائی جز بینائی کے لیے بہت اہم ہوتا ہے۔
محققین کے مطابق بینائی سے ہٹ کر یہ غذائی جز دماغی افعال کو بھی بہتر بناتا ہے کیونکہ اس سے تکسیدی تناؤ اور ورم میں کمی آتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں