مہنگائی سے ستائی عوام پر ایک نیا گیس بم گرانے کی تیاری

لاہور (پی این آئی) سردیوں کی آمد پر عوام پر گیس بم گرانے کی تیاریاں، گیس 50 فیصد مہنگی کر دیے جانے کا امکان، گیس کمپنیوں نے قیمتوں میں اضافے کیلئے اوگرا سے رجوع کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق موسم سرما کی آمد سے قبل گیس صارفین پر اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری شروع کر دی گئی ، اس ضمن میں گیس کمپنیوں نے قیمتوں میں اضافے کیلئے اوگرا سے رجوع کر لیاہے ۔سوئی ناردرن نے گیس کی قیمتوں میں 64 روپے 16 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست اوگرا میں جمع کروا دی۔ درخواست میں کہاگیا ہے کہ سوئی ناردرن کو رواں مالی سال کی ضروریات میں20ارب 58کروڑ 20لاکھ روپے کی کمی کا سامناہے، مالی ضروریات میں 48 کروڑ 90لاکھ روپے ایل پی جی ایئرمکس پر وجیکٹ کے بھی شامل ہیں۔

درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ سوئی ناردرن کو گھریلو صارفین کو رواں مالی سال کے دوران آر ایل این جی پر منتقلی کی لاگت163ارب 5کروڑ 80لاکھ روپے لاگت کی مد میں ادا کرنے ہوں گے۔ذرائع کے مطابق گیس کی لاگت کو ایچ ایس ایف او اور خام تیل کے نرخوں سے جوڑا گیا ہے۔درخواست میں سوئی ناردرن گیس نے ہر درجے کے صارفین کیلئے یکم جولائی 2024ء سے آر ایل این جی سپلائی لاگت بڑھا کر 1711.73روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کرنے کی بھی استدعاکی ہے ۔ دوسری جانب سوئی سدرن کی جانب سے بھی 669.07روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کرتے ہوئے اوسط قیمت 1920.39روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close