دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لیے آتش بازی پر پابندی عائد کردی گئی۔
خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق بھارت میں مقبول پٹاخوں پر لگائی جانے والی یہ پابندی پہلے لگائی گئی پابندیوں سے کافی زیادہ سخت ہے۔
دہلی پلوشن کنٹرول کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آتش بازی کے سامان کی تیاری، اسے ذخیرہ کرنے، فروخت کرنے اور استعمال کرنے پر مکمل پابندی ہوگی اور یہ حکم عوامی مفاد کو دیکھتے ہوئے آلودگی کی سطح کو کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب دو ہفتے بعد یکم نومبر کو دیوالی کا تہوار منایا جانا ہے اور آتش بازی اس تہوار کا اہم حصہ سمجھی جاتی ہے۔
3 کروڑ آبادی والے دارالحکومت میں اس سے قبل عائد کی گئی پابندیوں کی اکثر خلاف وزری کی جاتی رہی ہے۔
پولیس اکثر خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف ان کے پٹاخوں سے جڑے سخت مذہبی جذبات کو دیکھتے ہوئے کارروائی کرنے سے گریز کرتی ہے۔
خیال رہے کہ ہر سال نئی دہلی خزاں کے موسم میں بدترین اسموگ کی لپیٹ میں ہوتا ہے، جس کی بنیادی ذمہ داری فصلوں کی باقیات کو جلانے والے کسانوں پر عائد کی جاتی ہے تاہم دیوالی کے دوران آتش بازی میں اضافہ اس مسئلے کو مزید سنگین بنا دیتا ہے۔
2020 کی ایک رپورٹ کے مطابق 2019 میں نئی دہلی میں فضائی آلودگی کی وجہ سے تقریباً 17 ہزار 500 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
بھارت میں ماضی میں آتش بازی کے سامان کو ملک بھر میں غیر قانونی طور پر فروخت یا پھر ریاست کی سرپرستی میں اسمگل کیا جاتا تھا۔
تاہم اس سال دہلی کی شہری انتظامیہ نے ریاستی پولیس کو آتش بازی پر پابندی لگانے اور روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کی رپورٹس پیش کرنےکی درخواست کی ہے۔
دارالحکومت میں آتش بازی پر پابندی سال 2024 تک جاری رہے گی۔
Dawn News WhatsApp Channel واٹس ایپ چینل
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں