کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو خبردار کردیا، آج درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف جگہوں پر بادل برس رہے ہیں، کوئٹہ، مستونگ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
کراچی میں معاملہ کچھ الگ ہی دکھائی دے رہا ہے، سورج اپنے پورے آب وتاب سے آنکھیں دکھا رہا ہے، اکتوبر میں بھی گرمی جوبن پر ہے۔شہر میں درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان ہے، آج اور کل پارہ 39 ڈگری تک جانے کا امکان ہے، گرمی کی جزوی لہر کے دوران درجہ حرارت اوسط سے تین ڈگری تک بڑھ سکتا ہے تاہم ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے لکہ شہرمیں سمندری ہوائیں جزوی معطل ہیں جبکہ بلوچستان کی گرم شمال مغربی ریگستانی ہوائیں اثرانداز ہیں ، ہوا میں نمی کا تناسب اضافی رہنے کے نتیجے میں گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زائد محسوس کی جاسکتی ہے۔
دوسری جانب شہر کا فضائی معیار مضرصحت ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی پانچویں نمبرپر ہے، ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 154 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔ایئرکوالٹی انڈیکس کا کہنا ہے کہ سو سے دو سو پرٹیکیولیٹ میٹرزانسانی صحت کیلئےمضرہے، دو سو سے 3سو پرٹیکیولیٹ میٹرز انسانی صحت کے لیے خطرناک ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں