ایکس پر پابندی کا فیصلہ کیوں کیا گیا؟ حکومت نے وجوہات بتادیں

لاہور(پی این آئی) وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر پابندی غیراعلانیہ نہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھاکہ ایکس پر پابندی قومی سلامتی کی وجہ سے ہے، آزادی اظہار رائے روکنے کی کوشش نہیں۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ایپ پرپابندی عبوری حکومت کے دور میں عائد کی گئی، علیحدگی پسند اوردہشتگرد گروپ سوشل ایپ کو ملک کے خلاف استعمال کررہے ہیں، دہشتگرد سوشل میڈیا پردہشتگردی کی سرگرمیوں کی لائیو کوریج چلاتے ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ سوشل ایپ پر پابندی کا معاملہ عدالت میں ہے اور وزارت داخلہ نے اپنا جواب جمع کرایا ہے۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھاکہ سوشل میڈیا کیلئے ملک میں کوئی نہ کوئی نظام موجود ہونا چاہیے، ویب منیجمنٹ سسٹم کے تحت سائبر سکیورٹی یقینی بنانے میں کوئی حرج نہیں۔عطا تارڑ کا کہنا تھاکہ ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی کے بارے میں کابینہ میں ایک قانون آیا تھا،کابینہ نے مؤخر کردیا، کابینہ نے اس قانون کی تیاری میں تمام اسٹیک ہولڈرزکو آن بورڈ کرنے کی ہدایت کی، بطور سیاسی کارکن کہوں گا کہ ایکس کھلنا چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں