لاہور، پی ٹی آئی نے میدان لگا لیا، گنڈاپور کہاں پہنچے؟

لاہور کے قصور روڈ پر واقع نواحی علاقے کاہنہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے کا میدان سج گیا ہے، کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور میں داخلے کا کوئی راستہ بند نہیں ہے، خیبر پختونخوا سے پی ٹی آئی کارکنوں کے قافلے لاہور کیلئے رواں دواں ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تمام راستے کھلے ہیں۔رہنما پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا جلسہ گاہ پہنچ گئے، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی قیادت میں پی ٹی آئی کا قافلہ روات سے لاہور کی طرف گامزن ہے۔

ضلعی انتظامیہ لاہور نے پی ٹی آئی کو 3 سے 6 بجے تک جلسے کی مشروط اجازت دی ہے، شرط ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو 8 ستمبر کواسلام آباد میں کی گئی تقریر پر معافی مانگیں گے۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا قافلہ بغیر کسی رکاوٹ کے صوابی سے اسلام آباد میں داخل ہوگیا، لاہور کی طرف رواں دواں ہے، مردان، صوابی، ملاکنڈ اور ہزارہ کے قافلے وزیر اعلیٰ سے پہلے روانہ ہوگئے۔

وزیر اعلیٰ علی امین نے خود بھی قافلوں کا انتظار نہیں کیا، صوابی میں کارکنوں سے خطاب بھی نہیں کیا، گنڈاپور کا 6 بجے تک لاہور پہنچنے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے انتظامیہ کو جلسے میں غیر ضروری گفتگو نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔علی امین گنڈاپور نے اپنا پیغام پارلیمانی انداز میں شائستگی سے ورکرز تک پہنچانے اور خیبر پختونخوا سے ورکرز ساتھ نہ لانے کی بھی یقین دہانی کروائی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں