کراچی وومن چیمبر ملیر کے انتخابات 2024-26، تسنیم حامد صدر، شیزا فاروقی سینئر نائب صدر، مہوش کیانی نائب صدر منتخب

کراچی (پی این آئی) وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملیر کے انتخابات برائے 2024-26 میں تسنیم حامد صدر جبکہ شیزا فاروقی سینئر نائب صدر اور مہوش کیانی نائب صدر منتخب ہوگئی ہیں۔

مقامی ہوٹل میں منعقدہ سالانہ اجلاس عام میں کے ڈبلیو سی سی آئی ملیر کی بانی صدر، سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی، نازلی عابد نثار نے نومنتخب عہدیداروں اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے 15 اراکین سے حلف لیا۔ اجلاس عام میں تمام ایگزیکٹیو کمیٹی اراکین اور ممبران نے بھاری اکثریت سے سالانہ حسابات کی منظوری دی جبکہ نومنتخب عہدیداروں کو ذمہ داریاں سونپی گئیں۔اجلاس عام میں کے ڈبلیو سی سی آئی ملیر کے سرپرست اعلیٰ عابد نثار، مہمان خصوصی سارک وومن چیمبر کی چیئرپرسن حنا منصب خان، ڈرماٹولوجسٹ زرنا واحد، سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی شبیر منشاء، سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی عدیل صدیقی، پارلیمانی سیکرٹری انوائرمنٹ، یوتھ اینڈ اسپورٹس یوسف بلوچ، کلکٹر کسٹم نائمہ بتول، ماہر نفسیات فائزہ اسلم، پی پی انفارمیشن سیکرٹری حیدرآباد ندیم جتوئی، سابق سینئر نائب صدرکے ڈبلیو سی سی آئی ملیر افضالہ شاہین، سابق نائب صدر یاسمین عارف و دیگر بھی شریک ہوئے۔

نازلی عابد نثار جو  ایف پی سی سی آئی کی وومن انٹرپرینور کمیٹی کی کنوینر بھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طویل کاوشوں اور ٹیم ورک کی بدولت وومن چیمبر ملیر خواتین تاجروں کی مضبوط آواز بن گیا ہے، ہمارا مقصد خواتین تاجروں کی حوصلہ افزائی اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ 12 سال سے عورتوں کے فلاح و بہود اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کوشاں ہیں خاص طور پر سپورٹ اے مام بھی ان کی ایک کاوش ہے جبکہ وومن چیمبر ملیر نے متعدد نمائشوں، تربیتی سیشنز اور پینل ڈسکشن کا بھی اہتما م کیا۔انہوں نے حضرت خدیجہؓ کی سیرت کو خواتین کے لیے رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے پیارے نبیﷺ نے حضرت خدیجہؓ کا تجارت کے کاموں میں بھرپور ساتھ دیا۔ہمیں بھی خواتین تاجروں کوسپورٹ کرن چاہیے کیونکہ ہر کامیاب انسان کے پیچھے ایک خاتون کا اہم کردار ہوتا ہے۔

سارک وومن چیمبر کی چیئرپرسن حنا منصب خان نے خواتین تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرنے پرکے ڈبلیو سی سی آئی ملیر کی بانی صدر نازلی عابد کی خدمات پر خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک دن کا نہیں بلکہ 5سال کی جدوجہد کا ثمر ہے۔ انہوں نے خواتین تاجروں کو حکومت سے کاٹیج انڈسڑیز کے لیے آسان شرائط پر قرضے دینے اور ٹڈاپ سے نمائشوں کے انعقاد کے لیے فنڈز فراہم کرنے کی درخواست بھی کی۔

کے ڈبلیو سی سی آئی ملیر کے سرپرست اعلیٰ عابد نثار نے کہا کہ خواتین تاجروں کی جدوجہد قابل تحسین ہے، انہیں حکومتی قرضوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے اسٹیٹ بینک سے درخواست کی کہ خواتین تاجروں کے لیے مختص فنڈز کے لیے آسان فارم متعارف کروایا جائے تاکہ شرائط کو پورا کیا جاسکے۔ سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی شبیر منشاء نے اجلاس عام میں شریک پارلیمانی سیکرٹری انوائرمنٹ، یوتھ اینڈ اسپورٹس یوسف بلوچ سے درخواست کی کہ وہ وومن چیمبر ملیرکو دفتر کے لیے زمین دینے کے لیے سندھ حکومت سے بات کریں جبکہ اسٹیٹ بینک کمرشل بینکوں کو ترجیحی بنیادوں پر خواتین تاجروں کے لیے مختص قرضے دینے کا پابند بنائے اور انہیں گرانٹ بھی دی جائے۔

 پارلیمانی سیکرٹری انوائرمنٹ، یوتھ اینڈ اسپورٹس یوسف بلوچ نے وومن چیمبر ملیر کو دفتر کے لیے زمین فراہم کرنے کے لیے سندھ حکومت اورسیکرٹری لینڈ سے بات کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ ان کا کہنا تھا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے خواتین کو بااختیار بنانے میں سب سے زیادہ اہم کردار ادا کیا۔ پیپلز پارٹی کی قیادت نے فرسٹ وومن بینک اور بے نظیر انکم سپورٹ فنڈز کے قیام کے علاوہ تھر میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close