عمران خان سے آرمی چیف اور چیف جسٹس سے متعلق بیان کی وضاحت مانگ لی گئی

اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا ہے کہ عمران خان کو آرمی چیف اور چیف جسٹس سے متعلق کل کے بیان کی وضاحت دینا ہوگی، ورنہ اس کے قانونی نتائج بھگتنا ہوں گے۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ جب جمہوری جماعتیں ایک قدم بڑھاتی ہیں تو ایسا سخت مؤقف کیسے دیا جاتا ہے؟ یہ کون لوگ آپ کے صفوں میں ہیں جو بانی پی ٹی آئی سے ایسے بیانات دلواتے ہیں جن سے آپ کے اور پاکستان کے مسائل میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو آرمی چیف اور چیف جسٹس سے متعلق کل کے بیان کی وضاحت دینا ہوگی، ورنہ اس کے قانونی نتائج بھگتنا ہوں گے، پھر پی ٹی آئی والے ہمارے پاس آکر رونا دھونا نہ مچائیں۔ان کا کہنا تھاکہ یہ لوگ فارم 45 اور 47 کی سازش کررہے ہیں، اس کی بہت بڑی کہانی سامنے آنے والی ہے جب ثبوت سامنے آئیں گے تو یہ عوام کو اپنا منہ بھی نہیں دکھا پائیں گے ، بانی پی ٹی آئی کو عوام نے مسترد کردیا۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے بلاول بھٹو کا بیان مسترد کردیا اور کہا کہ عمران خان آج بھی اپنی ایک ایک بات پر کھڑے ہیں، انہیں بلاول بھٹو کو دیکھ کر 1958 کی وہ تصویر یاد آگئی جس میں بلاول کے نانا ذوالفقار علی بھٹو ان کے دادا ایوب خان سے وزیرکا حلف لے رہے تھے۔خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے دھمکی آمیز پوسٹ شیئر کرنے پر حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close