حافظ نعیم الرحمٰن نے ایک بار پھر حکومت کو خبردار کر دیا

لاہور(پی این آئی) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ 16دن رہ گئے، راولپنڈی معاہدے پر عمل درآمد نہ ہوا تو حالات کی ذمہ دار حکومت ہو گی، ہمارا جو بھی لائحہ عمل ہوا پھر شہباز شریف اس کی شکایت نہ کریں۔

گوجرانوالہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب اور ممبرشپ کیمپ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمرانوں کی عیاشیوں اور آئی پی پیز کا بوجھ اب عوام نہیں اٹھائیں گے، ہم قوم کے حق کے لیے لڑ رہے ہیں، ہمارے راستے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرنے کا سوچیے گا بھی نہیں۔انہوں نے کہا کہ تین دن کی ہڑتال پر تاجروں سے مشاورت جاری ہے،پورا ملک بند، پہیہ بھی جام ہو گا، پنجاب میں جو بھی ریلیف ملا کریڈٹ جماعت اسلامی کا ہے، بجلی کی اصل لاگت کا تعین کر کے دوماہ کے لیے نہیں پورے پاکستان میں یکساں ٹیرف لاگو کیا جائے، حکمران اپنی مراعات اور عیاشیاں کم کریں۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز نے تین بڑے فراڈ کیے، پہلا معاہدے غلط ہوئے، دوسرا جو بجلی پیدا نہیں ہو رہی اس کے پیسے وصول کیے جا رہے ہیں اور تیسرا جو رقم لی جا رہی ہے اس پر ٹیکس بھی نہیں دیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی حکومتوں نے آئی پی پیز کو تحفظ فراہم کیا، یہ لوٹ مار میں برابر کے شریک ہیں، اردگرد اے ٹی ایم کھڑے کر کے ایمانداری کے دعوے نہیں کیے جا سکتے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں