پاک فوج کسی خاص سیاسی نظریے اور جماعت کی طرفدار نہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی (پی این آئی)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے فوج قومی فوج ہے اور اس کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا فوج کا کسی حکومت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے، پاک فوج ایک قومی فوج ہے جس کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا فوج نا کسی سیاسی جماعت کے خلاف ہے اور نا ہی کسی سیاسی جماعت کی طرفدار ہے، فوج کا حکومت کے ساتھ ایک پیشہ ورانہ اور سرکاری تعلق ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فوج میں اگر کوئی ذاتی مفادات کے لیے کام کرتا ہے یا ذاتی فائدے کے لیے کسی مخصوص سیاسی ایجنڈے کو پروان چڑھاتا ہے تو پاک فوج کا خود احتسابی کا نظام حرکت میں آجاتا ہے، ثبوت و شواہد کی روشنی میں ذمہ داروں کو اپنے اعمال کا جوابدہ ہونا پڑتا ہے، جاری شدہ خود احتسابی کا عمل اس بات کی ایک اور دلیل ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا پاک فوج میں واضح اتفاق رائے پایا جاتا ہے کہ فوج کو بحیثیت ایک ریاستی اور قومی ادارے کے طور پر کسی بھی مخصوص سیاسی مفاد کی تکمیل کے استعمال سے محفوظ رکھا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں