عمران خان کی جیل کو فائیو سٹار قرار دے دیا گیا

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی فائیو اسٹار جیل کاٹ رہے ہیں، وہ جیل میں بڑی موج میں ہیں۔

لاہور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں بھی جیلوں میں ڈالا گیا لیکن ہم نے کوئی شکایت نہیں کی، یہ این آر او چاہتے ہیں جو ان کو نہیں ملے گا۔انہوں نے کہا کہ انہیں اپنی بے گناہی ثابت کرنا ہو گی، رسیدیں دکھانا ہوں گی، بانی پی ٹی آئی جیل میں اُسی سیل میں ہیں جہاں مجھے رکھا گیا تھا، ہم مخالفین سے وہ سلوک نہیں کرتے جو ہمارے ساتھ کیا گیا۔بانی پی ٹی آئی سے اس وقت تک مذاکرات نہیں ہوسکتے جب تک 9 مئی پر معافی نہ مانگیں، پی ٹی آئی نے بھارت کے ساتھ مل کر امریکا میں پاکستان مخالف قرارداد منظور کرائی، پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا دنیا میں پاکستان کے ریاستی اداروں کے خلاف مہم چلا رہا ہے۔

احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے وفاق اور صوبائی حکومتیں اخراجات پر نظرثانی کریں، اجلاس میں سستی بجلی کے لیے اصلاحات پر غور کیا گیا، ملک میں مؤثر بلدیاتی نظام قائم کرنے کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اجلاس میں پارٹی کو مزید منظم کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا، نواز شریف نے موجودہ بلدیاتی نظام میں اصلاحات کی ہدایت کی، اجلاس میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کی کارکردگی رپورٹس پیش کی گئیں۔ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے لندن جانے کا پروگرام حتمی نہیں ہے، وہ لندن جائیں گے تو چیک اپ کرا کے واپس آجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو سیاست پس پشت ڈال کر سخت فیصلے کرنا پڑے، ہم سے پہلے والی حکومت آئی ایم ایف کی سخت شرائط مان کر گئی تھی، ہمیں مجبوراً آئی ایم ایف کی شرائط ماننا پڑیں، آج اسٹاک مارکیٹ اوپر گئی، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام آرہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close