چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ڈیپ ڈپریشن کا سمندری طوفان بننے کا امکان ہے۔
نجی ٹی وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سردار سرفراز نے کہا کہ سمندری طوفان بننے کی صورت میں اس کا نام اسنی رکھا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ طوفان کا نام اسنی پاکستان کا تجویز کردہ ہے، جس کے معنی بلند تر کے ہیں۔چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ مون سون میں سمندری طوفان کا بننا بہت غیر معمولی ہے۔دوسری جانب محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
مون سون سسٹم کی شدت برقرار ہے، سسٹم بھارتی رن آف کچھ اور تھرپارکر کے قریب موجود ہے، سسٹم مغرب اور جنوب مغرب کی جانب حرکت کر رہا ہے، آج رات یا کل صبح تک شمال مشرقی بحیرۂ عرب میں داخل ہو سکتا ہے۔محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران مون سون سسٹم کی رفتار بہت سست رہی ہے، سازگار موسمی حالات پر سائیکلونک اسٹارم بن سکتا ہے، سسٹم آئندہ دو دن میں کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر تیز بارش کا باعث بن سکتا ہے۔کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجۂ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ شہرِ قائد میں شمال مغرب سے 13 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 88 فیصد ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں