امریکا کا ویزا اپلائی کرنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری

واشنگٹن(پی این آئی) مستقل رہائش کو آسان بنانے کے لیے امریکہ نے نیا ویزا متعارف کرا دیا۔

نیوز ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق اس نئی ویزا پالیسی کو ہارٹ لینڈز کا نام دیا گیا ہے، جس کا مقصد غیرصنعتی علاقوں میں اقتصادی ترقی کو فروغ دینا ہے۔امریکی میئرز کی طرف سے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ہارٹ لینڈ ویزے کی توثیق کی گئی۔ یہ مجوزہ ویزہ پروگرام ایسے ہنرمند تارکین وطن کو امریکہ کی طرف راغب کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جو اپنے آبائی ممالک میں معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔

ہارٹ لینڈ ویزا سسٹم دو طرفہ ہے، یعنی ایک طرف معاشی مشکلات کی شکار امریکی کائونٹیاں اپنی مرضی سے ہنرمند تارکین وطن کو یہ ویزہ جاری کر سکتی ہیں اور دوسری طرف ہارٹ لینڈ ویزا کے لیے درخواست دینے والے غیرملکی بھی اپنی پسند کی منزل کا انتخاب کر سکتے ہیں۔جو ہنرمند تارکین اس ویزا پر آ کر 6سال تک کسی کائونٹی میں خدمات سرانجام دیں گے، ان کے لیے مستقل رہائش کا عمل آسان بنا دیا جائے گا۔

کانفرنس میں امریکی میئرز کا کہنا تھا کہ ہنرمند تارکین وطن امریکی معیشت کے لیے ناگزیر ہیں جو امریکہ کی ترقی کے لیے ہر شعبے میں گراں قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ہنرمند تارکین وطن دنیا کی سب سے بڑی اور جدید ترین معیشت کے طور پر امریکہ کی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے کلیدی کردار کے حامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close