فیض حمید کا اوپن ٹرائل کیا جائے، عمران خان نے مطالبہ کر دیا

راولپنڈی(پی این آئی): بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے اوپن ٹرائل کا مطالبہ کر دیا۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا میں مطالبہ کرتا ہوں جنرل فیض حمید کا اوپن ٹرائل کیا جائے، اوپن ٹرائل میں میڈیا کو کوریج کی رسائی دی جائے۔عمران خان کا کہنا تھا فیض حمید کے اوپن ٹرائل سے ملک کا فائدہ ہوگا اور پاکستان ترقی کرے گا۔یاد رہے کہ چند روز قبل آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ فوج کے قوانین کی خلاف ورزی پر سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کو حراست میں لیکر ان کے کورٹ مارشل کی کارروائی شروع کر دی ہے۔

عمران خان نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا تھا کہ فیض حمید کی گرفتاری سے مجھے کوئی ڈر نہیں ہے، یہ فوج کا اندرونی معاملہ ہے۔بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے اس حوالے سے جاری ایک اور بیان میں کہا تھا کہ مجھے اندر کرنے کے لیے فیض حمید کا ڈرامہ رچایا جا رہا ہے، فیض حمید سے بیان دلوا کر مجھے ملٹری کورٹ کی طرف لے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں