مسلم لیگ ن کا اسٹیبلیشمنٹ کا بھر پور ساتھ دینے کا اعلان

لاہور ( پی این آئی) مسلم لیگ ن کا اسٹیبلیشمنٹ کا بھر پور ساتھ دینے کا فیصلہ، نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ججز کی ملازمت مدت بڑھانے کی تجویز اور مجوزہ آئینی ترمیم پر قانونی ٹیم کی رپورٹ پر تبادلہ خیال۔

تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔اجلاس میں عوام کو مہنگائی خاص طور پر بجلی کے مہنگے بلوں میں ریلیف دینے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ پارٹی قائد نوازشریف نے کہا کہ یہ ہماری صلاحیتوں کا امتحان ہے کہ مشکل ترین حالات میں بھی عوام کو ریلیف کیسے دینا ہے، ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کی طرح اب عوام کو ڈیفالٹ سے بچانا بھی ہمارا بڑا امتحان ہے، وزیراعظم شہبازشریف نے پارٹی صدر کو قومی معاشی ایجنڈے کے خدو خال سے آگاہ کیا۔

اسی طرح میڈیا کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف نے پارٹی رہنماؤں کو فیض حمید معاملے پر احتیاط کی ہدایت کرتے ہوئے جذباتی بیانات دینے سے روک دیا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، خواجہ سعد رفیق، سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمز شہباز، سلیمان شہباز، وفاقی وزراء عطا تارڑ، رانا ثناء اللہ، پرویز ملک اور احد خان چیمہ سمیت دیگر شریک ہوئے۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال پر گفتگو ہوئی اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا، صدر ن لیگ نواز شریف نے فیض حمید کیس پر پارٹی رہنماؤں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی تمام پارٹی رہنماؤں کسی بھی قسم کے جذباتی بیانات دینے سے روک دیا، اجلاس میں حکومت اور اسٹیبلیشمنٹ کا بھر پور ساتھ دینے کا فیصلہ ہوا، اس کے علاوہ اجلاس میں ججز کی ملازمت مدت بڑھانے کی تجویز اور مجوزہ آئینی ترمیم پر قانونی ٹیم کی رپورٹ پر تبادلہ خیال ہوا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں