حکومت نے گمشدہ افراد کے خاندان کیلئے بڑی امدادی رقم دینے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ گمشدہ افراد کے پیچھے متعدد اور پیچیدہ وجوہات ہیں، ہر متاثرہ خاندان کے لیے 50لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔

وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ لاپتا افراد کے خاندانوں کی مدد کے لیے ریاست نے غیر معمولی اور تاریخی فیصلہ کیا ہے، 5 سال سے زیادہ عرصے سے گمشدہ افراد کے خاندانوں کے دکھ میں شامل ہوں گے، لاپتا افراد کے ہر خاندان کے لیے گرانٹ کے طور پر 50لاکھ روپے دیے جائیں گے،ان کا کہنا تھا وفاقی کابینہ نے گرانٹ کی منظوری دے دی ہے، یہ ریاست کا ایک مخلصانہ رویہ ہے، یہ متاثرہ خاندانوں کی مشکلات دور کرنے اور ان کے غم میں شریک ہونے کی ایک کوشش ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ گمشدہ افراد کے پیچھے متعدد اور پیچیدہ وجوہات ہیں، ریاست ماں کے جیسی ہوتی ہے حکومت وقت نے آج پھر ثابت کر دیا ہے، دررناک الزامات کے باوجود ریاست اور اداروں کا ایک مخلص قابل تحسین قدم ہے، پاکستان میں ہر شہری کی زندگی کا تقدس اور تحفظ اہم ہے۔خیال رہے کہ لاپتہ افراد نے گوادر میں کئی روز سے دھرنا دے رکھا تھا تاہم گزشتہ روز بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور ڈی سی گوادر کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان ہوا تھا اور حکومت کی جانب سے یہ یقین دہانی بھی کروائی گئی تھی کہ تمام گرفتار افراد کو رہا کر دیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں