اسلام آباد(پی این آئی)انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی کے رہنما رؤف حسن کو ایک دن کے جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا۔اس حوالے سے انسداد دہشتگری عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔ اب رؤف حسن کو کل انسداد دہشتگردی عدالت میں دوبارہ پیش کیاجائے گا۔بعدازاں جج طاہر عباس سِپرا نے رؤف حسن کے ایک روز کا جسمانی ریمانڈ منظور ہونے کا حکم نامہ بھی جاری کردیا جس کے مطابق عدالت نے رؤف حسن کے خلاف کیس کا ریکارڈ دیکھا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ رؤف حسن سے تفتیش ان کی خراب صحت کے باعث ممکن نہیں ہوسکی، ان کا روزمرہ کی بنیاد پر طبی معائنہ پمز اسپتال میں کیا جاتا ہے۔عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تفتیش کےدوران شریک ملزمان کے مقدمہ میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا، پولیس نے شریک ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے، ٹرانزیکشن ریکارڈ دیکھنے کے لیے تفتیشی افسر کو رؤف حسن کے بینک اکاؤنٹس درکار ہیں۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ رؤف حسن کا ایک روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا جاتا ہے، 3 اگست کو عدالت پیش کیا جائے، رؤف حسن کا روزانہ کی بنیاد پر پمز اسپتال سے طبی معائنہ کرایا جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی سیکریٹریٹ پر چھاپا مار کر احمد وقاص جنجوعہ جبکہ ایف آئی اے نے ریاست مخالف پراپیگنڈے میں ملوث ہونے پر رؤف حسن کو گرفتار کیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں