مزاکرات کامیاب، دھرنا ختم

گوادر(پی این آئی)گوادر میں ضلعی انتظامیہ اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، آج سے صوبے بھرکی تمام قومی شاہراہیں کھول دی جائیں گی۔بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے گوادر سمیت بلوچستان بھر میں تمام دھرنےختم کرنےکا اعلان کردیا گیا، بلوچ یکجہتی کمیٹی کی ڈاکٹر ماہ رنگ اور ڈپٹی کمشنرگوادرنے معاہدے پردستخط کیے۔

صوبائی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق انتظامیہ اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد موبائل نیٹ ورک بحال کردیے گئے ہیں جبکہ تمام راستوں سے رکاوٹیں ہٹا کر راستے بھی کھول دیے جائیں گے۔اعلامیہ کے مطابق بلوچ یکجہتی کمیٹی دھرناختم ہونے کے بعد گرفتار افراد کو رہا کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گوادر سمیت صوبہ بھر میں مختلف مقامات پر بلوچ یکجہتی کمیٹی کے دھرنوں کے باعث قومی شاہراہ سمیت مختلف سڑکیں بند تھیں جس سے کراچی، خضدار، حب، قلات، سوراب، تربت، پنجگور اور گوادر جانے والی ٹریفک متاثر تھی۔گوادر میں مکران کوسٹل ہائی وے ایم ایٹ سمیت تمام راستے بند تھے، تربت، گوادر سمیت مکران کی رابطہ سڑکیں بند ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا تھا اور مختلف مقامات پر مال بردار اور مسافر گاڑیاں پھنسی ہوئی تھیں۔بلوچ یکجہتی کمیٹی نے اپنے مطالبات میں کہا تھا کہ لاپتا افراد کو بازیاب کرایا جائے، وسائل پر قبضے کا خاتمہ کیا جائے اور بلوچستان کے تمام وسائل مقامی لوگوں کی خوشحالی پر خرچ کیے جائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close