لاہور (پی این آئی) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت پرگہرے غم ورنج کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور اہل خانہ اور اہل فلسطین اور مجاہدین حماس سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
راولپنڈی دھرنا کے مقام پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے شہادت کے المناک واقعہ کی وجہ سے گورنرہاؤس سندھ کراچی کے سامنے آج کے دھرنا کو موخر کرنے اور لیاقت روڑ سمیت پورے ملک میں اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ کی ادائیگی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے واقعہ کو اسرائیل کی کھلی دہشت گردی اور جارحیت قرار دیتے ہوئے صہیونی ریاست کے بزدلانہ عمل کی پرزور مذمت کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسماعیل ہنیہ کا خون رنگ لائے گا، فلسطینی مزاحمت مزید تیز ہوگی۔ نائب امراء لیاقت بلوچ، ڈاکٹر اسامہ رضی، سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ عثمان فاروق، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور امیر راولپنڈی عارف شیرازی بھی اس موقع پر موجودتھے۔
امیر جماعت نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ نے 3اگست کو یوم اسیران منانے کا اعلان کیا تھا اب جماعت اسلامی ان کے نقش قدم پر عمل کرتے ہوئے اسی روز ملک بھر میں یوم اسیران منائے گی۔ انھوں نے راولپنڈی کے عوام سے اپیل کی کہ غائبانہ نماز جنازہ میں بھرپور شرکت کریں، دھرنے کے مقام سے لیاقت روڈ تک مارچ کی شکل میں نماز جنازہ کے مقام تک جائیں گے۔ انھوں نے اعلان کیا کہ دھرنا جاری رہے گا، حکومت سے آج پھر مذاکرات ہوں گے، مطالبات سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے، تکنیکی معاملات میں نہ الجھایا جائے، حکمران مراعات کم کریں، حکومت کی سنجیدگی کا اندازہ آج ہو جائے گا، احتجاج پورے ملک میں پھیلے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں