10 روپے فی یونٹ سے زائد بجلی کا بل ادا نہیں کریں گے، پی ٹی آئی رکن اسمبلی کا اعلان

پشاور (پی این آئی) پی ٹی آئی رکن اسمبلی فضل الہٰی کا کہنا ہے کہ صوبے میں 1 روپے 25 پیسے میں بجلی پیدا کرتے ہیں، یہ بجلی پھر ہمیں 100 روپے میں فروخت کی جاتی ہے، 10 روپے فی یونٹ سے زائد بجلی کا بل ادا نہیں کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی فضل الہٰی نے سول نافرمانی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔ منگل کے روز جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں ایم پی اے فضل الہیٰ نے کہاکہ تاجر برداری، دکانداروں اور تمام طبقے سے بات کرلی ہے،10 روپے فی یونٹ سے زائد بجلی کا بل ادا نہیں کریں گے، وزیراعلیٰ،اسپیکر صوبائی اسمبلی اور وزراء کو بھی اعتماد میں لیا ہے، تاجر،دکاندار اور عوام کرائے اد اکریں یا پھر بجلی کا بل دیں؟ یکم اگست کے بعد سول نافرمانی کی تحریک شروع کریں گے، سول نافرمانی کی تحریک وفاقی حکومت اور بجلی قیمتوں کے خلاف ہوگی۔ ایم پی اے فضل الہٰی نے اس معاملے سے متعلق صوبائی اسمبلی میں قرار داد بھی جمع کرا دی۔ تحریک انصاف نے رکن اسمبلی کا کہنا ہے کہ صوبے میں ایک روپے 25 پیسے میں بجلی پیدا کرتے ہیں، یہ ہی بجلی ہمیں 100 روپے میں فروخت کی جاتی ہے، خیبر پختونخواہ کو اپنا حصہ نہیں دیا جارہا، اتنی مہنگائی میں اخراجات پورا کرنا مشکل ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں