پیپلزپارٹی نے تحریک انصاف کو بڑی آفر کردی

کوئٹہ(پی این آئی )پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اگر بات چیت کرنے کے لئے تیار ہیں تو یہ اچھی بات ہے، مسائل لڑائی سے نہیں بات چیت کے ذریعے ہی حل ہوتے ہیں۔

 

 

میڈیا سے گفتگو میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی شاید ضیاءالحق کے 90 دن بھول گئے ہیں، 3 ماہ کی قومی حکومت نہیں ہو گی پھر قومی حکومت ہی ہوگی، ہماری کوشش ہے کہ اسمبلیاں چلیں اور پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کرے۔رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ خبریں چل رہی ہیں کہ عمران خان بات چیت کرنے کے لئے تیار ہیں یہ اچھی بات ہے وہ آگے بڑھیں کیونکہ مسائل لڑائی سے نہیں بات چیت کے ذریعے ہی حل ہوتے ہیں، اگر وہ محسوس کر رہے ہیں کہ سیاستدانوں کو ایک جگہ بیٹھنے کی ضرورت ہے اور وہ یہ بات تسلیم کرتے ہیں تو یہ اچھی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے 9 مئی کا واقعہ کیا ہے انہیں معافی مانگنی چاہئے، عمران خان اگر کہتے ہیں کہ وہ 9 مئی میں ملوث نہیں ہیں تو ان واقعات کی مذمت کریں، ہمیں مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا ہے۔

 

 

خورشید شاہ نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ مسائل کا حل مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے نکالیں، اگر ضرورت پڑی تو پیپلز پارٹی اپنا بھر پور کردار ادا کریگی۔ان کا کہنا تھا معیشت برے حالات میں ہے اسے ٹھیک کرنا پڑ رہا ہے، بجلی اور زراعت پر جو ٹیکس لگائے گئے ہیں ان پر حکومت کو نظر ثانی کرنی چاہئے۔ بلوچستان میں حکومت سازی سے متعلق معاہدے کے حوالے سے جواب پر کہا کہ مجھے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) کے درمیان ایسے کسی معاہدے کا علم نہیں ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close