لاہور (پی این آئی) مہنگائی کا خوفناک طوفان، پھلوں کی قیمتیں 400 روپے جبکہ سبزیوں کی قیمتیں 800 روپے تک پہنچ گئیں، آٹے اور چینی کی فی کلو قیمت میں 20 روپے تک اضافہ، کھلے دودھ کی فی لیٹر قیمت بھی 240 روپے ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق ایک جانب جہاں مسلم لیگ ن کی وفاقی اور پنجاب حکومت مہنگائی میں کمی ہو جانے کے دعوے کر رہی ہے، تو دوسری جانب ملک بھر میں سبزیوں، پھلوں اور دودھ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سبزیوں، پھلوں، دودھ، آٹے، چینی اور خوراک کی دیگر اشیاء کی قیمتیں مکمل طور پر بے قابو ہو گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ آلو 100روپے، پیاز120، بھنڈی 250، ادرک 800 اورلہسن 600روپے فی کلو، بھنڈی 400 روپے مٹر 400 روپے شملہ مرچ 250 روپے فی کلو، فی لیٹر دودھ 240 روپے ، انگور400 روپے، آلو بخارا اورجامن 300 روپے کلو کی قیمتوں میں فروخت ہو رہے ہیں۔
آٹے، چینی اور چائے کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔ فی کلو چینی 165 روپے تک ہوگئی، جبکہ حکومت کی جانب سے جس سرکاری آٹے کی قیمت 90 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، وہ بھی 110 روپے کی قیمت میں دستیاب ہے۔ واضح رہے کہ ادارہ
شماریات کی رپورٹ کے مطابق بھی ملک میں مسلسل تیسرے ہفتے مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں رواں مالی سال 2024-25 کا وفاقی بجٹ نافذ ہونے کے بعد مسلسل تین ہفتوں سے مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان بدستور جاری ہے۔ حالیہ ہفتے ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.76فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح بڑھ کر 24.36 فیصد ہوگئی ہے۔ ایک ہفتے کے دوران 29 اشیاء ضروریہ مہنگی ہوئیں اور صرف پانچ اشیاء کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں