پیٹرول والے موٹر سائیکلز خریدنے پر پابندی عائد کر دی گئی

اسلام آباد(پی این آئی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کے لئے اہم فیصلے کرلیے گئے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں اسلام آباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کے لئے اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی کیلئے سی ڈی اے آئندہ سے صرف الیکٹرک بائیکس خریدے گی، اسلام آباد کے شہریوں کے لئے ماحول دوست الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے پٹرول والے موٹر سائیکلز خریدنے پر پابندی عائد کر دی۔ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کی ایمرجنسی سروسز فراہم کی جائیں گی، ایمرجنسی سروسز کو ایم سی آئی سے سی ڈی اے کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کیپیٹل واسا کا قیام بھی جلد عمل میں لایا جائے گا، کیپیٹل ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قیام کے لئے متعلقہ امور کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔

اجلاس میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سرینا چوک انڈر پاس اور ایف نائن پارک چوک فلائی اوور منصوبوں پر تعمیراتی کام جلد شروع کیا جائے، طویل مدت سے زیر التوا ایکسپریس وے کے منصوبے کو تیزی سے مکمل کیا جائے، نان ڈویلپ سیکٹرز میں ترقیاتی کاموں کو مکمل کر کے لوگوں کو قبضہ دیا جائے گا۔ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد ماڈل جیل کا پہلا مرحلہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، اسلام آباد میں بزنس فیسلیٹیشن سنٹر بنائے جا رہے ہیں، ان سنٹرز پر سرمایہ کاروں کو سہولیات ایک چھت تلے فراہم کی جائیں گی، سیکٹر ایچ سولہ میں ہیلتھ ٹاور کیلئے زمین کی الاٹمنٹ کر دی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close