پارٹی سےعلیحدگی کا اعلان کس کے مشورے سے کیا؟ فواد چوہدری نے بتا دیا

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پارٹی اورسیاست سے علیحدگی کا اعلان پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے مشورے سے کیا تھا۔

امریکی نشریاتی ادارے سے انٹرویو میں فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ تحریکِ انصاف کی موجودہ قیادت بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل سے باہر آنے نہیں دینا چاہتی جس دن وہ باہر آئے موجودہ قیادت کا پارٹی میں عمل دخل ختم ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہی کی وجہ سے ہیں، ہماری پہچان ہی پی ٹی آئی ہے، پی ٹی آئی میں تھے، ہیں اور رہیں گے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہناتھاکہ پی ٹی آئی تو عمران خان ہیں، ان سے میری دو ملاقاتیں ہوئی ہیں اور وہ بالکل اون کرتے ہیں، یہ چھوٹی سی لیڈر شپ (موجودہ پی ٹی آئی قیادت) ہے اس کو اختیار مل گیا ان کا کوئی قد نہیں وہ سیاست میں کردار ادا کر سکیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ پارٹی اورسیاست سے علیحدگی کا اعلان بانی پی ٹی آئی کے مشورے سے کیا تھا، استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کیلئے زبردستی اسلام آباد سے لاہور لے جایا گیا، وہاں آئی پی پی میں میں بیٹھ گئے، پھر کہا کہ میں نے اس میں شامل نہیں ہونا۔ان کا مزید کہناتھاکہ ملک کو آگے لے جانے کیلئے تمام شراکت داروں کے درمیان گرینڈ ڈائیلاگ ضروری ہے۔خیال رہے کہ 24 مئی 2023 کو فواد چوہدری نے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا اور 9 مئی واقعے کی مذمت کی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close