قومی ایئر لائن پی آئی اے کی نجکاری کے معاملے میں اہم پیش رفت

اسلام آباد (پی این آئی)وفاقی حکومت نے قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے معاملے میں اہم پیش رفت کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں شرکاء کو ریاستی اداروں بالخصوص پی آئی اے کی نجکاری پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا، اعلامیے کے مطابق اجلاس کودوران بریفنگ کابینہ کو بتایا گیا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل تیزی سے جاری ہے۔متعلقہ حکام نے وفاقی کابینہ کو بتایا کہ پی آئی اے کی پری بڈنگ میں دلچسپی لینے والی کمپنیاں پی آئی اے کی مختلف سائٹس کا دورہ کر رہی ہیں، پی آئی اے کی بڈنگ اگست کے پہلے ہفتے میں ہوگی۔

وزیراعظم نے پی آئی اے کی نجکاری کا عمل تیز کرنے اور مکمل شفافیت کی ہدایت کردی۔وفاقی حکومت نے مالی سال 2024-25 میں نجکاری سے 30 ارب روپے جمع کرنے کا بجٹ ہدف مقرر کیا ہے۔ حکومت پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز (پی آئی اے)، روزویلٹ ہوٹل، فرسٹ ویمن بینک، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن اور بجلی کی مختلف تقسیم کار کمپنیوں سمیت 25 سرکاری اداروں کی نجکاری کا ارادہ رکھتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں